نئی دہلی ۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے پاک بھارت سیاسی کشیدگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کی اپنی فرنچائز ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) میں دو پاکستانی کرکٹرز کو شامل کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی سی پی ایل فرنچائز نے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور نوجوان آف اسپنر محمد عثمان طارق سے معاہدہ کر لیا ہے۔
محمد عامر اس سے قبل بھی سی پی ایل میں کھیل چکے ہیں اور انہوں نے لیگ کے 39 میچز میں 18.09 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ان کی نپی تلی بولنگ سی پی ایل میں خاصی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آف اسپنر محمد عثمان طارق پہلی بار ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز میں کھیلیں گے۔ انہوں نے پی ایس ایل 2025 کے سیزن میں صرف 5 میچز کھیل کر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، اور ان کی کارکردگی نے ہی انہیں اس موقع کے قریب کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ خان نہ صرف فلمی دنیا کے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں بلکہ کھیلوں میں ان کی سرمایہ کاری اور دلچسپی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ دنیا بھر میں مختلف کرکٹ فرنچائزز کے مالک ہیں، جن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (آئی پی ایل)، ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (سی پی ایل)، اور دیگر لیگز کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز سی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں سے ایک ہے، جس نے 4 بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، اور اسے مستقل طور پر مضبوط ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
شاہ رخ خان کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنانے کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، جہاں کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔