ہانیہ عامر اور دلجیت کی فلم ’سردار جی تھری‘ کا گانا ریلیز

لاہور۔پاکستان کی معروف شوبز اداکارہ ہانیہ عامر کی آنے والی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کا گانا ’سوہنی لگدی‘ ریلیز کر دیا گیا ہے۔

سردار جی 3 ایک بھارتی پنجابی فلم ہے جس میں ہانیہ عامر مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں۔ اس فلم میں دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ناصر چنیوٹی اور دیگر مشہور پنجابی فنکار بھی شامل ہیں۔

فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے، جبکہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے مداحوں میں خدشہ تھا کہ فلم سے ہانیہ عامر کا کردار ہٹا دیا گیا ہے، مگر ’سردار جی 3‘ کے آفیشل ٹریلر نے یہ شبہات ختم کر دیے ہیں۔ فلم 27 جون کو بیرون ملک ریلیز کے لیے تیار ہے۔

اب اس فلم کا گانا ’سوہنی لگدی‘ جاری کیا گیا ہے جس میں ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے اور مداح ان کی جوڑی کو بہت پسند کر رہے ہیں۔

گانے کے بول ظفر سندھو نے لکھے ہیں، جبکہ موسیقی مکس سنگھ نے ترتیب دی ہے۔ ’سوہنی لگدی‘ کو دلجیت دوسانجھ نے گایا ہے۔ گانے میں ہانیہ عامر کو ساڑھی میں اور دلجیت دوسانجھ کو روایتی پنجابی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

گانے کی ویڈیو 23 جون کو ریلیز ہوئی اور شائقین نے ہانیہ اور دلجیت کی جوڑی کی خوب تعریف کی ہے۔ چند روز قبل فلم کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا جس میں پاکستانی اداکارہ کی موجودگی نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی تھی۔

دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کر دیا گیا ہے۔فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ ’سردار جی تھری‘ بھارت کے علاوہ بیرون ممالک میں 27 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں