اسلام آباد ۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
پاکستان اور امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نہ صرف سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا بلکہ کئی دیگر اہم معاملات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (جو پہلے ٹوئٹر کہلاتی تھی) پر جاری بیان میں بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تقریباً 12 برس بعد ابوظہبی میں مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا بارہواں اجلاس منعقد ہوا۔
یہ اہم اجلاس اسحاق ڈار اور ان کے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جسے دونوں دوست ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، معاشی اور ترقیاتی اشتراک کو ایک نئی سطح پر لے جانے کی بڑی پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبہ جات میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر تین نمایاں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں ایک کلیدی معاہدہ دونوں ممالک کے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کی شرط سے مستثنیٰ قرار دینے سے متعلق ہے۔ دیگر دو معاہدے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں باہمی تعاون کے فروغ اور مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سے متعلق تھے، جو مستقبل میں دونوں ملکوں کے اقتصادی مفادات کو مزید تقویت دیں گے۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان موجود باہمی اعتماد، برادرانہ تعلقات اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کی علامت ہیں۔
انہوں نے اس اقدام کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط سفارتی، تجارتی اور اقتصادی روابط کا ثبوت قرار دیا۔