لاہور۔ویسٹ انڈیز کے معروف اور جارحانہ طرزِ کھیل کے لیے مشہور آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی20 کرکٹ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔
گزشتہ روز امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ (MLC) کے ایک میچ میں ایم آئی نیویارک کی نمائندگی کرتے ہوئے پولارڈ نے اپنا 700 واں ٹی20 میچ کھیل کر یہ منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ ٹی20 فارمیٹ میں 700 میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سان فرانسسکو الیون کے خلاف اس میچ میں 37 سالہ پولارڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 16 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ بولنگ کے دوران دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
تاہم، پولارڈ کے لیے یہ تاریخی میچ نتیجے کے اعتبار سے یادگار نہ بن سکا، کیونکہ ان کی ٹیم 246 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں صرف 198 رنز بنا سکی اور 47 رنز سے شکست کا شکار ہوئی۔
کیرون پولارڈ کا یہ کارنامہ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اور یہ ان کے طویل اور کامیاب کیریئر کی ایک اور نمایاں جھلک ہے۔