اداکارہ نازش جہانگیر کو عدالت نے طلب کرلیا

لاہور۔لاہور کی کینٹ کچہری میں معروف اداکارہ نازش جہانگیر کے خلاف دائر استغاثہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے انہیں آئندہ پیشی پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران اداکارہ کے وکیل نے ان کی غیر حاضری سے متعلق استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نازش جہانگیر کی طبیعت خراب ہے اور وہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے اداکارہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست قبول کر لی، تاہم ساتھ ہی یہ بھی ہدایت جاری کی کہ آئندہ سماعت پر ان کی بیماری سے متعلق اصل میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا جائے۔

یہ مقدمہ اداکار اسود کی درخواست پر سنا جا رہا ہے، جس کی پیروی ایڈووکیٹ چوہدری بابر کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کا الزام ہے کہ نازش جہانگیر نے ان سے رقم لی لیکن وہ واپس نہیں کی۔

استغاثہ نے عدالت سے استدعا کی کہ نازش جہانگیر کے خلاف امانت میں خیانت سمیت متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کا حکم جاری کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں