اسلام آباد ۔محرم الحرام کے دوران ملک میں امن و استحکام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹیم قائم کر دی ہے۔
یہ اقدام وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر، ڈی جی این سی سی آئی اے وقارالدین سید کے حکم کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔
ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، یہ 18 رکنی ٹیم این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کے افسران پر مشتمل ہے۔ اس ٹیم کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹر ایاز خان کریں گے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر اکرام مغل کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق، ٹیم کا مرکزی ہدف محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر اشتعال انگیز بیانات، نفرت پر مبنی مواد اور فرقہ وارانہ پروپیگنڈے کی روک تھام ہے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
اس مقصد کے لیے ٹیم روزانہ کی بنیاد پر فیس بک، ایکس (سابقہ ٹویٹر)، انسٹاگرام، یوٹیوب اور دیگر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی کڑی نگرانی کرے گی۔
یہ ٹیم ڈارک ویب پر جاری ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق خطرات پر بھی نظر رکھے گی۔ اس ضمن میں جھوٹی معلومات، دھوکہ دہی اور نفرت انگیز مواد کی نشاندہی کے لیے واضح معیارات مرتب کیے گئے ہیں تاکہ نگرانی کے عمل کو مؤثر، شفاف اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔
ایجنسی کے مطابق، ٹیم اپنی روزمرہ کارکردگی، پیش رفت اور نتائج سے متعلق رپورٹ ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) کو روزانہ کی بنیاد پر فراہم کرے گی، جس سے مجموعی صورتحال پر قابو پانے اور بروقت اقدامات کی راہ ہموار ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھنے اور معاشرتی سکون کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی اشتعال انگیز یا نقصان دہ مہم کو بروقت روکا جا سکے۔