لاہرو۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ اسما عباس نے بھارتی اداکارہ و ڈانسر شیفالی زری والا کی ناگہانی موت کے بعد خواتین کے لیے ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
اپنی حالیہ ویڈیو میں اسما عباس نے شیفالی کی اچانک وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خبروں کے مطابق ان کی موت اینٹی ایجنگ انجیکشن کے باعث ہوئی، جب کہ ان کی عمر صرف 42 برس تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر لوگ عمر رسیدہ ہونے کے عمل کو تسلیم کیوں نہیں کرتے اور خود کو جوان دکھانے کے لیے اس طرح کے انجیکشنز کیوں لگواتے ہیں۔
اسما عباس نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی عمر کو خوش دلی اور خود اعتمادی کے ساتھ قبول کریں اور ایسے مصنوعی طریقوں سے دور رہیں، جو نہ صرف نقصان دہ ہو سکتے ہیں بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے بقول، اینٹی ایجنگ انجیکشنز دل کو کمزور کر دیتے ہیں، جو سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیفالی زری والا کی موت نے ان کے دل کو بہت دکھی کر دیا ہے، خاص طور پر ان کی والدہ اور شوہر پر جو گزر رہی ہے، وہ ناقابلِ بیان ہے۔
یاد رہے کہ شیفالی زری والا، جو ماضی میں سپر ہٹ گانے “کانٹا لگا” سے شہرت حاصل کر چکی تھیں، دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی ناگہانی موت نے ایجنگ پروسیجرز اور خوبصورتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔