لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبہ تیزی سے کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ صرف جون کے مہینے میں 50 ہزار سے زائد گھروں کا ہدف مکمل کیا جا چکا ہے، جب کہ مجموعی طور پر 51,911 سے زیادہ افراد کو گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 57 ارب 90 کروڑ روپے کے بلاسود یا آسان اقساط والے قرضے مختصر مدت میں جاری کیے گئے ہیں، جن کی بدولت ہزاروں خاندان اپنا ذاتی گھر تعمیر کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ ان میں سے 5,293 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور یہ مکانات باقاعدہ طور پر آباد بھی ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی رفتار اور نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکیم عوام کو سہولت فراہم کرنے کے جذبے سے شروع کی گئی ہے، اور قرضوں کی تقسیم سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر مکمل شفافیت کے ساتھ کی جا رہی ہے۔