لاہور۔جنوبی کوریا میں جاری 32ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے خوشخبری — 9 میں سے 6 قومی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے، جبکہ تین کھلاڑی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں شکست کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
بوائز انڈر 19 کیٹیگری میں پاکستان کے سیڈ نمبر 3 عبداللہ نواز نے بھارت کے تونیت کو با آسانی 0-3 سے شکست دی۔ انہوں نے پہلا گیم 4-11، دوسرا 5-11 اور تیسرا 6-11 سے جیت کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اسی کیٹیگری میں پاکستانی کھلاڑی انس علی شاہ سخت مقابلے کے بعد بھارت کے یوشا نفیس سے 2-3 سے ہار گئے۔
انڈر 15 میں ٹاپ سیڈ نعمان خان نے ملائشیا کے محمد اسماعیل کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے زیر کیا، جبکہ احمد ریان خلیل نے بھارت کے شیریانمنش کو بھی بغیر کوئی گیم ہارے 0-3 سے شکست دی۔
انڈر 17 میں محمد عمیر عارف کو بھارت کے سیڈ نمبر 5 سبہاش کے خلاف 0-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈر 13 کیٹیگری میں پاکستان کے ٹاپ سیڈ سہیل عرفان نے ملائشیا کے میسور کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے مات دی۔
ویمنز کیٹیگری میں شامل علی سسٹرز میں سے دو نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ انڈر 13 میں سیڈ 9 ماہ نور علی نے ہانگ کانگ کی چیونگ ہائی کرائی ماریا کو 0-3 سے شکست دی۔ انڈر 15 میں سحرش علی نے ایک گیم گنوانے کے باوجود ہانگ کانگ کی سیڈ 3 چیو یار چنگ کو 1-3 سے ہرا کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ تاہم ان کی بڑی بہن مہوش علی کو ہانگ کانگ کی سیڈ 5 چونگ وائی لی کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان کے 11 میں سے 9 کھلاڑی کامیاب رہے تھے۔ تاہم یحییٰ خان (انڈر 17) اور محمد مصطفیٰ خان (انڈر 13) ابتدائی مرحلے میں ہی شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو چکے تھے۔