لاہور۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا ترین نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کئی اہم انکشافات کیے، جو اس وقت سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں۔
زارا ترین نے بتایا کہ انہیں اپنی زندگی میں دو بار یک طرفہ محبت کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے لیے نہایت دکھ بھرا تجربہ ثابت ہوا اور انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق جب پہلی بار دل ٹوٹتا ہے تو انسان افسردگی میں مبتلا ہو جاتا ہے، لیکن دوسری بار ایسی صورتحال پیش آئے تو غصہ خود پر آتا ہے کہ آخر دوبارہ کسی کو موقع کیوں دیا۔
زارا ترین نے 2021 میں امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد اداکار فاران طاہر سے شادی کی تھی اور رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد وہ امریکہ منتقل ہو گئی تھیں۔ تاہم تقریباً ڈیڑھ سال بعد ان کی علیحدگی کی خبریں منظر عام پر آئیں، جس سے ان کے مداح حیران رہ گئے۔
اگرچہ دونوں نے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا، لیکن زارا نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی طلاق کی تصدیق کی، جس میں انہوں نے اس مرحلے کو نہایت تکلیف دہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شادی جیسے رشتے کا اختتام آسان نہیں ہوتا کیونکہ اس کے پس منظر میں کئی مسائل اور اندرونی جدوجہد چھپی ہوتی ہے۔ زارا ترین نے درخواست کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے کیونکہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔