نئی دہلی ۔بھارت کی معروف ماڈل اور اداکارہ شیفالی زری والا کی اچانک وفات کے بعد، ڈرماٹولوجی کے ماہر ڈاکٹر ایرک بورجز کا ایک بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
42 سالہ شیفالی زری والا کے انتقال کی خبر نے ان کے مداحوں اور بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد ان کے شوہر پراگ تیاگی نے فوراً انہیں ممبئی کے اندھیری علاقے میں قائم بیلیو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لے جایا، لیکن ڈاکٹرز انہیں بچانے میں ناکام رہے۔
بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی تازہ ترین معلومات کے مطابق، شیفالی کی موت کو اینٹی ایجنگ انجیکشن کے استعمال سے جوڑا جا رہا ہے، جو مبینہ طور پر انہوں نے ورت (فاسٹنگ) کے بعد لیا تھا۔
معروف بھارتی ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر ایرک بورجز نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔ اس بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اینٹی ایجنگ انجیکشنز بعض اوقات جسم میں الیکٹرولائٹس کے توازن کو متاثر کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر میں اچانک کمی، پوٹاشیم کی سطح میں گراوٹ اور دیگر پیچیدہ طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ایرک نے شیفالی زری والا کی سگریٹ نوشی کی عادت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ نکوٹین جلدی خلیوں کو متاثر کر کے عمر رسیدگی کے آثار کو تیز کر سکتی ہے، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہی واضح ہو سکے گی۔
فی الوقت شوبز سے جڑے افراد اور مداح اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا واقعی اینٹی ایجنگ انجیکشن شیفالی زری والا کی اچانک موت کا سبب بنا، یا اس کے پیچھے کوئی اور طبی پیچیدگی کارفرما تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔