سلامتی کونسل میں پاکستان کی سربراہی؛ بھارت کو بدترین سفارتی شکست

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کو سونپی جانے والی صدارت بھارت کے لیے ایک بڑی سفارتی شکست کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان کی کامیاب سفارتی حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جب کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا ایک بار پھر منہ کے بل گرا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے پاکستان کو سلامتی کونسل کی صدارت کا منصب دیا گیا ہے۔ اس سے کچھ عرصہ قبل پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی “کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی” کا نائب سربراہ بھی منتخب کیا گیا تھا۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ اور سفارتی اثر و رسوخ نے بھارت کی داخلی سیاست میں بھی ہلچل مچا دی ہے، جہاں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

کانگریس کے رہنماؤں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو خارجہ محاذ پر ناکامی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے میڈیا اور عوامی رابطہ امور کے انچارج پون کھیرا نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد مودی حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکومت نے فوج اور عوام کی قربانیوں کو پسِ پشت ڈال کر انہیں دھوکا دیا ہے۔

کانگریس کی ایک اور رہنما رینیکا چودھری نے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ مودی سے یہ پوچھتی ہیں کہ کیا بھارت کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے؟۔ انہوں نے سوال کیا کہ پہلگام حملے میں ملوث چار دہشت گرد آج تک کیوں آزاد ہیں؟ اور انٹیلی جنس نظام کی ناکامی کا ذمہ دار کون ہے؟

رینیکا نے مزید کہا کہ 151 غیر ملکی دورے، 72 ممالک کے دورے، اور متعدد سفارتی اجلاسوں کے باوجود کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ عوام ان سب باتوں کی وضاحت چاہتے ہیں۔ مودی حکومت نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی، جب کہ “آپریشن سندور” کو انسدادِ دہشت گردی کا عالمی مقدمہ بنانے کی مہم ناکام اور بے بنیاد ثابت ہوئی۔

یہ مہم، جو عالمی برادری میں “آپریشن سندور” کو ایک دہشت گردی کے خلاف قدم ظاہر کرنے کے لیے چلائی گئی تھی، مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہوئی ہے۔ بھارت کی ناکام سفارتی کوششوں نے اسے بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار بنا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں