کویت نے ویزا کی چار نئی اقسام جاری کردیں

کویت نے ویزا جاری کرنے کے عمل کو جدید بنانے کے لیے ایک نیا الیکٹرانک پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے، جس کا مقصد نہ صرف ویزا اجرا کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے بلکہ ملک کو سیاحت اور تجارت کے حوالے سے خلیجی خطے میں ایک نمایاں مرکز کے طور پر اجاگر کرنا بھی ہے۔

اس نئی سہولت کے تحت ابتدائی طور پر چار اقسام کے ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے:

سیاحتی ویزا – تین ماہ (90 دن) کے لیے

خاندانی ویزا – ایک ماہ (30 دن) کے لیے

تجارتی ویزا – ایک ماہ (30 دن) کی مدت کے ساتھ

سرکاری ویزا – 30 دن کے لیے مختص

سیاحتی ویزا اُن افراد کے لیے ہے جو کویت کی ثقافت، تاریخی مقامات اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔
خاندانی ویزا اُن غیر ملکیوں کے اہل خانہ کے لیے ہے جو کویت میں مقیم افراد کے بلانے پر ملک کا دورہ کرتے ہیں۔
تجارتی ویزا بیرونی کاروباری نمائندوں کے لیے مخصوص ہے جو نمائشوں، اجلاسوں یا دیگر تجارتی تقریبات میں شرکت کی غرض سے کویت آتے ہیں۔
سرکاری ویزا اُن حکومتی وفود یا اعلیٰ سطحی نمائندوں کو دیا جائے گا جو سرکاری دعوت پر ملک کا دورہ کریں گے۔

کویتی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ نیا نظام ملک کی ڈیجیٹل پالیسی، یعنی سمارٹ گورننس کا اہم جزو ہے، جس کا مقصد حکومتی سروسز کو خودکار بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا، اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

ایک اہم پیش رفت یہ بھی ہوئی ہے کہ کویت نے پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا پابندی ختم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں روزگار کے مواقع پاکستانیوں کے منتظر ہیں۔

کویت کی جانب سے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی عندیہ دیا گیا ہے، جس کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں دیگر ویزا اقسام کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا، تاکہ ویزا کا مکمل عمل جدید، خودکار اور محفوظ انداز میں مکمل ہو سکے۔

یہ نیا نظام نہ صرف درخواست گزاروں کا قیمتی وقت بچائے گا بلکہ کویت کے امیگریشن نظام کو بھی زیادہ مؤثر، شفاف اور قابلِ بھروسا بنائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں