کورین پاپ گلوکار شِم جے ہیون چل بسے

لندن۔جنوبی کوریا کے معروف کے-پاپ آرٹسٹ شِم جے ہیون 23 برس کی عمر میں چل بسے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور گلوکار اور سابق بوائے بینڈ F.ABLE کے رکن شِم جے ہیون، جنہیں ان کے مداح “جے ہیون” کے نام سے پہچانتے تھے، خون کے سرطان (لیوکیمیا) کے باعث زندگی کی جنگ ہار گئے۔

ان کی بیماری کے بارے میں عوام کو کچھ علم نہیں تھا، کیونکہ جے ہیون نے اپنی صحت سے متعلق معاملات کو نجی رکھا۔ تاہم، 29 جون کو ان کے قریبی ذرائع نے ان کی وفات کی اطلاع سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کی بعد میں ان کے سابقہ ساتھی فنکاروں نے جذباتی پوسٹس کے ذریعے تصدیق بھی کی۔

جے ہیون کی اچانک موت نے مداحوں اور موسیقی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو گہرے رنج میں مبتلا کر دیا ہے۔ چونکہ ان کی بیماری کے بارے میں پہلے کوئی معلومات سامنے نہیں آئی تھیں، اس لیے ان کی موت مزید دل دہلا دینے والی ثابت ہوئی۔

سوشل میڈیا پر اس نوجوان کے-پاپ اسٹار کی وفات کی خبر تیزی سے پھیل رہی ہے، اور دنیا بھر سے مداح افسوس اور تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں