لاہور۔اداکارہ میرا نے حال ہی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ایک نئی فلم کا ہلکا سا عندیہ دیا ہے، جس میں انھوں نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
میرا اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ، انوکھے بیانات اور انگریزی زبان میں غلطیوں کے باعث بھی خبروں میں رہتی ہیں۔
ان دنوں وہ ایک اور غیر واضح پوسٹ کے سبب سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، جس میں انہوں نے اپنی نئی فلم لانگ ڈسٹنس کے بارے میں کچھ اشارے دیے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں میرا نے سلمان خان اور ان کے والد، معروف اسکرین رائٹر سلیم خان، کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مبینہ طور پر فلم کا اسکرپٹ پڑھا۔
اداکارہ کے بقول یہ اسکرپٹ “نظر نہ آنے والی سیاہی” یعنی Invisible Ink سے تحریر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کیپٹن نوید اور ایئرلائن امریٹس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
میرا کی اس مبہم پوسٹ سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر فلم Long Distance میں کیپٹن نوید اور امریٹس کی جانب سے مالی معاونت کی گئی ہے۔
تاہم میرا کے مبہم اندازِ بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو الجھن میں ڈال دیا ہے۔ کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ “آخر آپ کہنا کیا چاہتی ہیں؟”
ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا:”دنیا ابھی تک صرف معصوم لوگوں کی بدولت قائم ہے، جیسے میرا جی!”
جبکہ ایک اور نے مشورہ دیا:”براہ کرم ChatGPT استعمال کریں!”
اداکارہ نے نہ تو فلم کے عنوان کی تصدیق کی اور نہ ہی کوئی واضح تفصیل فراہم کی، جس کے باعث ان کے مداح اور ناقدین مزید معلومات کے انتظار میں ہیں۔