اسلام آباد۔آج ملک بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی کربلا میں دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں جلوسوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔
وزرات داخلہ کے مطابق آج یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں مجموعی طور پر 4836 جلوس نکالے جا رہے ہیں جبکہ 5480 مجالس کا انعقاد ہو رہا ہے۔ وزارت نے 1301 علاقوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں آج 54 مجالس و جلوس منعقد ہوں گے، جہاں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی مانیٹرنگ سیل کا صوبائی کنٹرول رومز سے مسلسل رابطہ ہے اور وزیراعظم کو ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے۔