وفاقی وزیر نے کیمبرج امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیمبرج امتحانات کے مبینہ پرچوں کے لیک ہونے کے واقعہ پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین کے لیے شدید ذہنی دباؤ، اضطراب اور بے یقینی کا باعث بنتے ہیں، خصوصاً ان طلبہ کے لیے جو محنت اور ایمانداری سے اپنی تیاری کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، خصوصاً جب گزشتہ سال بھی اس نوعیت کے واقعات سامنے آئے تھے۔ کیمبرج کو چاہیے کہ وہ اپنے امتحانی نظام، سکیورٹی پروٹوکولز اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر، مضبوط اور ناقابلِ اختراق بنائے تاکہ طلبہ کے اعتماد کو بحال رکھا جا سکے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی بی سی سی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کیمبرج حکام کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرکے معاملے کی مکمل جانچ، حقائق کی وضاحت اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائیں۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان طلبہ کے تعلیمی مستقبل، شفاف امتحانی نظام اور میرٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں