امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے ایران جنگ بندی معاہدے پر کردار کو سراہا۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ اب تقریباً ختم ہوچکی ہے اور مجھے اس کا پورا یقین ہے۔
انھوں نے جنگ کے اپنے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ قدم اٹھانا پڑا کیونکہ اگر ایسا نہ کرتا تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا اور اگر ان کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو خطے کی صورتحال یکسر مختلف ہوتی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ مشرق وسطیٰ میں طاقت کا توازن اس نہج پر پہنچ جائے جہاں دیگر ممالک کو ایران کے سامنے جھکنا پڑے اور اس پر خلیجی ممالک میرے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ بندی معاہدے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے سپہ سالار سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی۔











