صحت کیلئے خطرناک عادات

صحت کیلئے خطرناک عادات جو جان لیوا بھی ہوسکتی ہیں!

جدید ترین ٹیکنالوجی کی پیدا کردہ آسانیوں کے باوجود ہماری زندگی مصروف سے مصروف تر ہوتی جا رہی ہے اور ہم اپنی صحت کیلئے خطرناک عادات تیزی سے اپنائے جا رہے ہیں۔
ہم اپنے چھوٹے چھوٹے فوائد کی خاطر اکثر ایسے کام کر رہے ہوتے ہیں جو کہ آگے چل کر ہمارے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ وہ عادات کونسی ہیں جو بظاہر تو خطرناک نہیں لگتیں لیکن وہ آپ کی صحت کو مسلسل نقصان پہنچا رہی ہوتی ہیں۔
ناشتہ کئے بغیر کام پر جانا:
ماہرین کے مطابق ناشتہ سب سے اہم غذاءہے، اس لئے ناشتہ کئے بغیر ہی کام پر چلے جانا آپ کی صحت کے لئے بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔
ناشتہ نہ کرنے سے آپ کے خون میں شکر کی تعداد میں اضافہ ہونے لگتا ہے جبکہ میٹا بولزم بھی آہستہ آہستہ سست ہونے لگتا ہے، اس کے نتیجہ میں دوپہر کے وقت کھانے کی طلب زیادہ ہوتی ہے جو کہ وزن بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جو لوگ ہر روز وقت پر ناشتہ کرتے ہیں، وہ دوسرے لوگوں کی نسبت زیادہ کیلوریز استعمال کر سکتے ہیں، جس کے نتیجہ میں ان کا رویہ ٹھیک رہتا ہے اور کام کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
اسمارٹ فونز کا بلاوجہ اور مسلسل استعمال:
اسمارٹ فونز اگرچہ موجودہ دور کی ناگزیر ضرورت بن چکے ہیں، لیکن ان کا بلا وجہ اور مسلسل استعمال آپ کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق موبائل فونز کو دیکھنے کے لئے گردن کو جس انداز میں رکھا جاتا ہے، اس سے گردن پر مسلسل تناﺅ بڑھ رہا ہوتا ہے۔
گردن پر تناﺅ بڑھنے سے ٹیکس نیک سنڈروم نامی بیماری لاحق ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، جس کے نتیجہ میں سرجری بھی کروانا پڑ سکتی ہے۔
پرس اپنی پچھلی جیب میں رکھنا:
پرس عام طور پر پینٹ کی پچھلی جیت میں ہی رکھا جاتا ہے اور یہ کوئی نامعقول بات نہیں ہے، تاہم اب آپ خبردار ہو جائیں۔
اگر آپ کا پرس کافی بھاری ہوتا ہے اور آپ اس کو مسلسل پچھلی جیب میں ہی رکھنے کے عادی ہیں تو یہ عادت مستقبل میں آپ کو کمر درد میں مبتلا کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ اگر آپ پرس پچھلی جیب میں رکھ کر گاڑی چلانے کے عادی ہیں تو جان لیں کہ اس سے آپ کی کمر کی نسیں مسلسل متاثر ہو رہی ہوتی ہیں۔
اگر آپ اپنی یہ عادت ترک نہیں کرتے تو مستقبل میں آپ کے پاﺅں کے نیچے والے حصوں، ٹخنوں اور کمر میں درد کی شکایت پیدا ہو سکتی ہے۔
مسلسل بیٹھے رہنا:
ماہرین کے مطابق مسلسل بیٹھ کر کام کرنا آپ کو بہت جلد موت کے منہ میں دھکیل سکتا ہے۔ کام کے دوران مسلسل بیٹھے رہنے والے افراد کینسر یا دل کے امراض کا آسان شکار ہوتے ہیں۔
کرسی پر مسلسل بیٹھ کر کام کرنے والے افراد میں ذیابیطس کے خطرات بھی بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں اموات کی چوتھی سب سے بڑی وجہ جسمانی مشقت نہ کرنا ہے۔ اس کے علاوہ بیماریوں کی سب سے اہم وجہ بھی یہی ہے۔
ان تمام چیزوں سے آگاہی کے بعد آپ صحت کیلئے خطرناک عادات کو ترک کر کے اپنی صحت برقرار رکھ سکتے ہیں اور یقینی طور پر ایک خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں