تجارتی خسارہ میں جولائی سے ستمبر کے دوران 4.24فیصد اضافہ ہوا جبکہ برآمدات 97کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 7ارب 87کروڑ 50ڈالر سے زائد ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی((جولائی تا ستمبر) کے دوران برآمدات میں 14.11فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی برآمدات 7ارب 87کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ برآمدات 6ارب 90کروڑ ڈالر رہیں۔
دوسری جانب درآمدات میں بھی 9.86فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کا مجموعی حجم 13ارب 31کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ تجارتی خسارے میں 4.24فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد جولائی تا ستمبر کے دوران تجارتی خسارہ 5ارب 43کروڑ ڈالر سے زائد رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات 13.52فیصد تک بڑھیں اور ان کا حجم 2ارب 80کروڑ 50لاکھ ڈالر تک پہنچا جبکہ ستمبر 2023میں یہ 2ارب 47کروڑ 10لاکھ ڈالر رہی تھیں۔
دوسری جانب گزشتہ ماہ درآمدات کا حجم 4ارب 58کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا اور اس کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں 20فیصد سے زائد اضافہ ہوا جو ایک ارب 78 کروڑ ڈالر بنتا ہے۔
اگست کے مقابلے میں ستمبر 2024میں بھی برآمدات میں 1.56فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور برآمدات کا حجم 2ارب 76کروڑ 20لاکھ ڈالر رہا تھا جبکہ تجارتی خسارے میں بھی 1.89فیصد اضافہ ہوا۔ برآمدت میں فروغ کے لیے حکومت سے طرف سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، شرح سود میں حالیہ کمی سے کاروبار پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی امید ہے.