بے خوابی کا مقابلہ کرنے اور رات کو نیند کا معیار بہتر کرنے کیلئے کئی ایسی ٹپس پر عمل کیا جا سکتا ہے جس سے سکون ملے، نیند دوست ماحول پیدا کیا جائے اور نیند کی روٹین کو بہتر بنایا جائے۔
اسی سلسلے میں بے خوابی سے نمٹنے کے لیے یہاں کچھ ٹپس بتائی ہیں جن سے ہم اپنی نیند کو بہتر بنا سکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں وہ ٹپس کون کون سی ہیں۔
سونے کا مستقل شیڈول بنائیں
نیند کو بہتر بنانے کے لیے ہر روز سونے کا مستقل شیڈول بنا کر اس شیڈول پر عمل کریں۔ ایک مستقل شیڈول پر سونے اور جاگنے سے جسم قدرتی طور پر اپنے وقت پر سونے اور جاگنے کا عادی بن سکتا ہے۔
ذہن کو پرسکون کرنے والی سرگرمیاں کریں
سونے سے قبل کتاب پڑھنے، گرم پانی سے نہانے یا گہرے سانس کی مشقیں کرنے جیسی سرگرمیاں کی جائیں۔ باقاعدگی سے سونے سے جسم کو اپنے وقت پر نیند آنے کی عادت پڑ جاتی ہے۔
سونے سے قبل سکرین کا محدود استعمال کریں
سونے سے تقریبا آدھا گھنٹہ قبل موبائل فون، ٹیبلیٹ، کمپیوٹر اور ٹی وی کو استعمال نہ کیا جائے کیونکہ سکرین سے نکلنے والی بلیو لائٹ میلاٹونن نامی ہارمون کی پیداوار پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
سکرین کا محدود استعمال میلاٹونن ہارمون کے پیدا ہونے میں معاونت فراہم کرتا ہے جس سے سونے اور اٹھنے کی روٹین بہتر ہو جاتی ہے اور نیند بھی اچھی آتی ہے۔
سونے سے قبل آرام دہ ماحول بنائیں
اپنے بیڈ روم کو ٹھنڈا، خاموش اور تاریک رکھیں۔ نرم میٹرس اور تکیوں کا استعمال کیا جائے۔ آرام دہ ماحول سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے اور رات بھر نیند بغیر کسی دشواری کے پوری ہو سکتی ہے۔
خوراک کا دھیان رکھیں
دوپہر اور خاص طور پر رات کو کیفین اور نکوٹین کو لینا کم کریں۔ سونے سے قبل زیادہ کھانے سے گریز کیا جائے۔ کیفین کی وجہ سے نیند کے معیار پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ زیادہ کھانے کی وجہ سے بدہضمی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں جس سے نیند میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
دن کے وقت چست رہیں
دن بھر چست رہنے کی کوشش کریں لیکن سونے سے قبل سخت ورزش کرنے سے گریز کیا جائے۔ باقاعدگی سے ورزش کرنے سے ذہنی دبائو اور بے چینی کم ہو جاتی ہے جس سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے۔
ذہنی دبائو اور بے چینی کو قابو میں رکھیں
ذہنی دبائو کو کم کرنے کے لیے یوگا، تنفس یا تنائو کم کرنے والی ورزشیں کی جائیں۔ ذہنی دبائو اور بے چینی کو کم کرنے سے دماغ اور جسم کو سکون ملتا ہے اور نیند بھی جلدی آتی ہے۔
دن کو قیلولے کا دورانیہ کم کریں
اگر آپ دن کو قیلولہ کرنا ہی چاہتے ہیں تو اسے 20 سے 30 منٹ کے دورانیے تک محدود رکھیں اور شام کے وقت قیلولہ کرنے سے گریز کیا جائے۔ دن کو زیادہ سونے سے رات کو نیند آنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔