پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاک بھارت میچ کیلئے براڈ کاسٹرز نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور ایک دوسرے کو تجاویز دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے بھارتی بورڈ سے رابطہ کرتے ہوئے تجویز دی تھی کہ بھارت کے تینوں میچز لاہور میں رکھنے کی بجائے ایک میچ راولپنڈی منتقل کر دیا جائے تو زیادہ بہتر رہے گا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے براڈ کاسٹرز کی تجویز کے حوالے سے پی سی بی سے رابطہ کیا تھا، جس پر پی سی بی نے جواب دیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران ہر طریقے سے سہولیات اور آرام مہیا کیا جا سکے، بھارتی کرکٹ ٹیم کی سہولت اور ویزہ پالیسی کو مدنظر رکھ کر ہم نے ایک ہی جگہ تین میچز کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اور شائقین اگر ایک ہی جگہ موجود ہوں گے تو زیادہ بہتر ہو گا، تاہم اگر وہ راولپنڈی جانا چاہتے ہیں تو وہاں بھی بہترین سہولیات دی جائیں گی۔ دوسرے سے تیسرے میچ میں دس دن کا گیپ ہے اگر بھارتی ٹیم چاہے تو میچ کھیل کر ٹریننگ کے لئے چندی گڑھ یا دہلی جا سکتی ہے.
چیمپئنز ٹرافی کے دوران میچ والے دن یا پہلے پاکستان آ جائے، پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی ٹیم کا بہت خیال رکھے گا لاہور ہو یا راولپنڈی آپ جہاں مطمئن ہیں وہاں آسائش فراہم کر دی جائے گی۔
پی سی بی کا بی سی سی آئی سے اس حوالے سے مزید مکالمہ ہوا ہے کہ چندی گڑھ یا دہلی کی تجویز دینے کا مطلب سکیورٹی مسائل نہیں ہیں، دہلی یا چندی گڑھ میں بھارتی ٹیم پریکٹس کے لئے جانا چاہتی ہے تو یہ تجویز ان کے آرام کے لئے دی جا رہی ہے۔