تحقیق کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی محفوظ ہے اور تشخیص کو تیز کر سکتی ہے، معالجین پر دبائو کم کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ فالو اپ اپائنٹمنٹ کی ضرورت کو بھی کم کر سکتی ہے۔
حال میں ہی ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ماہرین نے پایا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی ایکس رے میں ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کی جلد تشخیص کرنے میں ڈاکٹروں کی معاون ثابت ہو سکتی ہے، ہر ایکس رے کا پیشہ ور طبی ماہرین کی جانب سے جائزہ بھی لیا جائے گا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسی لینس (این آئی سی ای) کے مطابق دنیا میں انقلاب لانے والی مصنوعی ذہانت میں ڈاکٹروں کے ایکس رے کا تجزیہ کرتے وقت ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کی جلد اور موثر شناخت کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
ادارے کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی محفوظ ہے اور یہ تشخیص کے عمل کو تیز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے، اس سلسلے میں یہ معالجین پر دبائو کو بڑی حد تک کم کر سکتی ہے اور کچھ فالو اپ اپائنٹمنٹ کی ضرورت میں بھی کم لا سکتی ہے۔
اس حوالے سے انگلینڈ میں فوری نگہداشت کے لیے چار اے آئی ٹولز کی سفارش کی جائے گی جبکہ ٹیکنالوجی کے فوائد پر مزید شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے اے آئی اکیلے کام نہیں کرے گا بلکہ ہر ایکس رے کا پیشہ ور طبی ماہرین کی جانب سے جائزہ بھی ضرور لیا جائے گا۔
ادارے کے مطابق 3 سے 10 فیصد معاملات میں ٹوٹی ہوئی ہڈیاں نظر انداز ہو جاتی ہیں، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں یہ سب سے عام تشخیصی غلطی سمجھی جاتی ہے۔