ڈاکٹر علی کاظمی

ڈاکٹر علی کاظمی نے سلطان راہی کو فلم انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار کیوں ٹھہرایا

ڈاکٹر علی کاظمی کے مطابق سلطان راہی نے گنڈاسا کلچر کو فروغ دیکر فلموں کے معیار پر سمجھوتہ کیا، جس سے پاکستانی فلم انڈسٹری زوال پذیر ہوئی۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر ڈاکٹر علی کاظمی نے ایک پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کے ماضی کے مشہور اداکار سلطان راہی کو پاکستان فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

علی کاظمی کا کہنا تھا کہ سلطان راہی ایک باصلاحیت اداکار اور اچھے انسان تھے، جنہوں نے 600 سے زائد فلموں میں کام کیا اور اردو و پنجابی سینما میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ تاہم ان کی گنڈاسا فلموں نے سینما پر بہت زیادہ منفی اثر ڈالا۔

علی کاظمی کے مطابق اداکار سلطان راہی نے گنڈاسا کلچر کو فروغ دیتے ہوئے فلموں کے معیار پر سمجھوتہ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی فلم انڈسٹری کا معیار بہت زیادہ گر گیا اور یہ بالی ووڈ کا مقابلہ کرنے کے قابل نہ رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ گنڈاسا کلچر پر مبنی فلموں‌کا دور جس قدر طویل ہوتا گیا پاکستانی فلم انڈسٹری کا معیار بھی اس قدر گرتا چلا گیا اور ابھی تک دوبارہ اوپر نہیں آ سکا.

انہوں نے پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ گنڈاسا پر مبنی فلموں پر بہت زیادہ انحصار نے پاکستانی سینما کو شدید نقصان پہنچایا اور اس کی ترقی کا راستہ بھی ایک عرصہ تک روکے رکھا۔

حالیہ مشہور ڈرامے “کبھی میں کبھی تم” کے پروڈیوسر علی کاظمی کے مطابق پاکستان فلم انڈسٹری کو اپنی جڑوں سے جڑ کر معیار پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے عروج پر پہنچ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں