اسٹاک ایکسچینج میں بلندیوں کے ریکارڈز

اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ساز دن، 100 انڈیکس میں 99 ہزار کی بلند ترین سطح عبور

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کے باعث ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہونے لگا، تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس نے 99 ہزار کی حد بھی عبور کر لی۔

کاروباری ہفتے کے پانچویں روز مارکیٹ پر مسلسل تیزی کا رجحان غالب ہے، کاروبار کے دوران سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں ایک ہزار 644 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 98 ہزار 972 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔

جمعہ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز 686 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں مالی لین دین کے دوران ایک وقت میں 100 انڈیکس 99ہزار 623 پوائنٹس پر بھی پہنچا۔

بازار حصص میں مثبت رجحان کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1205 پوائنٹس اور پھر 1303 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، بعدازاں 100 انڈیکس میں یکدم 2057 پوائنٹس کی بڑی تیزی سامنے آئی جس کے باعث انڈیکس کی 98000 کے بعد 99000 پوائنٹس کی نئی سطح بھی عبور ہوئی اور انڈیکس بڑھ کر 99385 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 1781 پوائنٹس کا بڑا اضافہ سامنے آیا تھا، جس کے بعدانڈیکس 97 ہزار 328 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 22 ارب 26 کروڑ 64 لاکھ 85 ہزار 757 روپے مالیت کے 32 کروڑ 35 لاکھ 34 ہزار 561شیئرز کا لین دین ریکارڈ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پی ایس ایکس میں تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہونے کے بعد مندی چھانے کے سبب سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے تھے، تاہم کاروباری ہفتے کے پانچویں روز مارکیٹ پر تیزی کا رجحان غالب رہا اور ریکارڈ ساز لین دین ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں