وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2025 کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 40 لاکھ خاندانوں (تقریباً 2 کروڑ پاکستانیوں) کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے فی خاندان فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس رمضان المبارک میں مہنگائی پہلے سے کم ہے۔

اسلام آباد میں رمضان پیکیج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف کریک ڈاؤن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس کے دوبارہ جنم لینے کے امکان کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اس ناسور کو دفن نہیں کر دیتے۔

وزیراعظم نے اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش دھماکے میں مولانا حامد الحق اور دیگر پاکستانیوں کی شہادت کو المناک قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک قدیم جامعہ ہے جہاں اسلامی و عصری تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے اس دھماکے کی مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دے گی۔

وزیراعظم نے 2018 میں دہشت گردی کے خاتمے کی کامیاب کوششوں کا ذکر کیا، جن میں 80 ہزار پاکستانیوں کی جانوں کی قربانی شامل تھی، لیکن اب دوبارہ دہشت گردی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے اسباب سب کو معلوم ہیں لیکن اس وقت وہ تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اربوں روپے کے محصولات مختلف عدالتوں اور فورمز پر زیر التوا ہیں اور یہ حقیقت کہ بینکوں نے 2022 اور 2023 میں بڑی مقدار میں منافع کمایا، اس پر ٹیکس لگایا گیا لیکن بینکوں نے اسٹے آ رڈرز لے لیے۔ تاہم، حال ہی میں سندھ ہائیکورٹ سے اسٹے آرڈر ختم ہونے کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک نے 23 ارب روپے خزانے میں جمع کرائے۔

انہوں نے رمضان پیکیج کے لیے 20 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا، جو پچھلے سال کے 7 ارب روپے سے 200 فیصد زیادہ ہے۔ یہ پیکیج پورے پاکستان کے لیے، کراچی سے گلگت تک اور آزاد جموں و کشمیر کے مستحق خاندانوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس پیکیج کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک، نادرا اور دیگر ٹیک اداروں کی کوششوں کی تعریف کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری کی جائے گی اور رمضان پیکیج کے تحت لوگوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ریلیف ملے گا تاکہ لوگوں کو لائنوں میں لگنے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس رمضان پیکیج کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔

آخر میں، وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عوام کے لیے ملک کے اداروں کی کوششیں قبول فرمائے اور رمضان کی برکت سے پاکستان سے تمام دکھ، تکالیف اور پریشانیوں کا خاتمہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں