استنبول۔ٹیکنالوجی اور جدت کے بین الاقوامی میلے ٹیکنو فیسٹ 2025 میں پاکستانی طالبات نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ اس اعزاز پر انہیں ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان سے ایوارڈ حاصل کرنے کا منفرد موقع بھی ملا۔
لاہور کے ڈریم گارڈن کیمپس سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبات عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان نے ایروسپیس، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل اس عالمی مقابلے میں حصہ لیا، جس میں دنیا بھر سے سینکڑوں طلبہ شریک تھے۔ پاکستانی طالبات نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے سب کو متاثر کر کے پہلا مقام حاصل کیا۔
خصوصی تقریب میں ترک صدر نے دونوں طالبات کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ ان سے شفقت سے ملاقات بھی کی۔ ایوارڈ لیتے وقت عاصمہ اور انائیہ نے قومی پرچم لہرایا اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک-ترکیہ دوستی پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی طالبات کو ترک صدر سے براہِ راست ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ دونوں کا تعلق پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز سے ہے، جو پاکستان سمیت دنیا کے 53 ممالک میں تعلیمی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اس تاریخی کامیابی کے موقع پر وفد کی قیادت گوہر خورشید نے کی، جنہوں نے اسے پورے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا۔ طالبات نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے وطن کے لیے مزید کامیابیوں کے عزم کا اظہار کیا۔