بیجنگ: چین نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر ہونے والے حالیہ حملے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور خطرناک قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان دیا کہ بھارت کی جانب سے آج صبح کی فوجی کارروائی نے گہری تشویش کو جنم دیا ہے۔ چین کا مؤقف ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں خطے کے اہم ہمسائے ہیں، اور ان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے خطے کے لیے نقصان دہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریق ضبط، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اقدامات سے اجتناب کیا جائے جو جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
چینی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت تاریخی طور پر ہمسایہ ممالک ہیں اور چین ان دونوں کے ساتھ قریبی روابط رکھتا ہے۔ موجودہ حالات میں عقل و فہم، مذاکرات اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔