ترک صدر

بھارت کی جارحیت پر ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے: صدر اردوان

اسلام آباد / انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر کیے گئے میزائل حملوں کے تناظر میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترکی کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، صدر اردوان نے پاکستانی قیادت کی پرامن اور بردباری پر مبنی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ کشیدگی کے دوران ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

گفتگو کے دوران صدر اردوان نے 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پاکستانی تجویز کو دانشمندانہ اور مناسب قرار دیا۔ واضح رہے کہ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، جسے اسلام آباد نے مکمل طور پر مسترد کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو قائم رکھنے کے لیے سفارتی سطح پر ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، اور اس حوالے سے ترکی کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

اس سے قبل بھی ترکی نے بھارتی فوجی کارروائی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا تھا، جو خطے میں کسی بڑی جنگ کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں