لاہور۔پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے باقی ماندہ میچز ملتوی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر داخلہ محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک اہم اجلاس کچھ دیر میں متوقع ہے، جس میں ٹورنامنٹ کے مستقبل پر غور کیا جائے گا کہ آیا مقابلے جاری رکھے جائیں یا ملتوی کر دیے جائیں۔
اس وقت لیگ مرحلے کے صرف چار میچز باقی رہ گئے ہیں، جن کے بعد پلے آف مرحلہ شروع ہونا ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ایونٹ کی منتظم کمیٹی، وزیر داخلہ کی مشاورت سے کسی بھی فیصلے پر پہنچے گی۔ پی ایس ایل کا 27واں میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں طے شدہ ہے، جہاں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دوسری جانب، اہم مقابلے سے قبل سیکیورٹی فورسز نے اسٹیڈیم کے نزدیک ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر گرایا، جس کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اس وقت جاری ہے، تاہم موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر وہاں بھی غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کا خدشہ بڑھ گیا ہے، اور کچھ ٹیمیں متبادل منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔