ایکس پر ہوں ہی نہیں، حبا بخاری کا جعلی ایکس اکاؤنٹ پر ردعمل

لاہور۔اداکارہ حبا بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (جو پہلے ٹوئٹر کہلاتا تھا) پر ان سے منسوب جھوٹی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف فنکارہ حبا بخاری نے واضح کیا ہے کہ ان کا ایکس پر کوئی تصدیق شدہ یا ذاتی اکاؤنٹ نہیں ہے، اور جعلی اکاؤنٹ کی جانب سے ان کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیان سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک پوسٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ایک رائے حبا بخاری کے نام سے منسوب کی گئی، جس پر مختلف صارفین کی جانب سے مثبت اور منفی تبصرے کیے گئے۔

اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے حبا بخاری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے فالوورز کو مطلع کیا کہ وہ ایکس پر بالکل موجود نہیں ہیں اور ان سے منسوب کیا گیا اکاؤنٹ جعلی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے جھوٹے اور گمراہ کن اکاؤنٹس کی فوری نشاندہی اور رپورٹ کریں تاکہ افواہوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

حبا بخاری نے مزید کہا کہ اگر کسی سماجی یا سیاسی مسئلے پر کوئی بات ان کے نام سے سامنے آئے تو اس پر اعتبار نہ کیا جائے، جب تک کہ وہ خود اپنے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اس کی تصدیق نہ کریں۔ ان کی اس وضاحت کے بعد مداحوں میں پیدا ہونے والی غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں