ہانیہ عامر نے بھارتی مداحوں کیلئے نیا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنانے کی تردید کر دی

لاہور۔پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے بھارتی فالوورز کے لیے انسٹاگرام پر ایک نیا اکاؤنٹ بنایا ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ہانیہ عامر نے بھارت میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد اپنے مداحوں سے رابطے کے لیے انسٹاگرام پر نیا پروفائل بنایا ہے۔ تاہم اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا صرف ایک ہی آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ ہے اور اس کے علاوہ باقی تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو خبردار کیا کہ اگر کسی کو ان کے نام سے بنائے گئے کسی اور انسٹاگرام اکاؤنٹ سے دوستی کی درخواست موصول ہو تو فوراً اسے رپورٹ کریں۔ ہانیہ عامر نے اپنے فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کچھ دن پہلے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد ان کے اصل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو محدود کر دیا گیا ہے، جس کے باعث انہوں نے بھارتی مداحوں کے لیے الگ اکاؤنٹ بنایا۔ تاہم ہانیہ عامر نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں