اسلام آباد/نئی دہلی: پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص (آہنی دیوار) کے تحت کی جانے والی مؤثر جوابی کارروائیوں نے نہ صرف بھارت کی دفاعی تیاریوں کو چیلنج کیا ہے بلکہ اب بھارتی معیشت بھی اس کے اثرات سے دوچار ہو رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، جاری کشیدگی کے تناظر میں بھارتی حکومت کو اب تک اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 83 بلین امریکی ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، جو معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی مالیاتی منڈیوں میں بےیقینی کی فضا قائم ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کار محتاط رویہ اپناتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری پر نظرِثانی کر رہے ہیں۔ جمعرات کو مارکیٹ انڈیکسز میں 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ پورے ہفتے کے دوران یہ کمی 1.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق، اسٹاک مارکیٹ کے 13 بڑے تجارتی شعبوں میں سے 12 میں نمایاں مندی دیکھی جا رہی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔
اقتصادی ماہر اویناش گورکشکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے مزید دفاعی اقدامات کیے گئے تو صورتحال مکمل جنگ کی طرف جا سکتی ہے، جس سے بھارتی معیشت مزید دباؤ میں آ جائے گی۔
سیاسی اور معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے خطے میں کشیدگی بڑھانے کے اقدامات نہ صرف جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خود بھارت کی معیشت کو بھی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔