لاہور۔پاکستانی اداکارہ حرا مانی کی جانب سے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کے بارے میں ایک تنقیدی بیان نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں حرا مانی نے کنگنا رناوت پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے حالیہ بیانات اور کردار کو ہدفِ تنقید بنایا۔ انہوں نے کنگنا کو بھارت کی انتہا پسند سوچ کی نمائندہ قرار دیا اور کہا کہ ان کے بیانات نفرت انگیزی پر مبنی ہوتے ہیں۔
اپنے تبصرے میں حرا مانی نے کہا کہ اداکار ہریتھک روشن نے کنگنا کو بھرپور جواب دیا، جس کے بعد وہ خبروں سے دور ہو گئی ہیں۔ حرا نے کنگنا کے لیے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے بعض غیر روایتی الفاظ کا بھی استعمال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنگنا نہ صرف پاکستان بلکہ خود بھارت میں بھی تنقید کا نشانہ بنتی رہتی ہیں اور وہاں بھی ان کی باتوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔
اپنے پیغام میں حرا مانی نے پاک فوج کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کو جو ردعمل ملا ہے، وہ ان کے دعووں کے برعکس نہایت مؤثر ہے۔
حرا مانی کے اس بیان کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جن کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت طویل عرصے سے پاکستان مخالف بیانات دیتی آئی ہیں اور اب انہیں مناسب جواب ملا ہے۔