نی دہلی ۔بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے حالیہ دنوں بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے اس پر جھوٹی اور غیر مصدقہ خبروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور میڈیا سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پرینیتی نے لکھا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ نقصان دہ عمل غیر تصدیق شدہ معلومات کی تشہیر ہے، جو نہ صرف خوف پھیلاتی ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صرف مستند اور آفیشل ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
اداکارہ نے میڈیا اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنسنی خیزی کے بجائے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں تاکہ عوام میں غلط فہمی اور خوف و ہراس نہ پھیلے۔
پرینیتی چوپڑا سے قبل، اداکارہ سوناکشی سنہا بھی میڈیا کی کارکردگی پر سوال اٹھا چکی ہیں۔ انہوں نے میڈیا چینلز پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے اور خبروں کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
سوناکشی نے کہا کہ کچھ نیوز چینلز سنجیدہ صحافت کے بجائے محض تماشہ دکھا رہے ہیں، جہاں چیخ و پکار اور مبالغہ آرائی سے ماحول کو غیر ضروری طور پر سنگین بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا صرف سچ پر مبنی خبریں دے اور جنگ جیسے حساس موضوعات کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے سے گریز کرے۔