اسلام آباد ۔پاکستان نیوی کے وائس ایڈمرل رب نواز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، ہم نے اپنی تیاری کو برقرار رکھا، فالس فلیگ کے فوری بعد ہم متحرک ہوئے، ہم سمندر میں ہر طرح کی جارحیت کے لیے تیار تھے، بھارتی نیوی کی سرگرمی پر ہماری مسلسل نظر تھی۔
وائس ایڈمرل رب نواز نے بتایا کہ 9 مئی کو بھارتی نیوی پاکستانی ساحل سے 400 نوٹیکل میل پر تھی، کوئی بھی جارحیت ہوتی ہم ردعمل کیلئے تیار تھے، ہم بھارتی ائیرکرافٹ کیئریر کی نقل و حرکت کو بھی مسلسل مانیٹر کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دشمن کو جارحیت نہ کرنے پرمجبور کردیا، کراچی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار تھے، تمام پورٹس، شپنگ کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تو لاہور کی بندرگاہ پر بھی قبضہ ہوگیا تھا۔