واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیاں روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سینئر مشیروں کو بتایا ہے کہ اگر ایران یا یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کوئی نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو امریکا فی الحال حملے نہیں کرے گا۔ تاہم صدر نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع نہ کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام امریکا پر ایران کے خلاف نئی فوجی مہم شروع کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق امریکی فوج ممکنہ کارروائی کیلئے تیار ہے جبکہ تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ روانہ کیا جا رہا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس جائزوں کے مطابق اقتصادی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ایران پر دباؤ بڑھا رہی ہیں تاہم نئے فضائی حملوں سے تہران کے مذاکراتی مؤقف میں بڑی تبدیلی کا امکان کم ہے۔











