لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی تقسیم کی قراردادیں منظور کرنے والی پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کی بات کیوں کر رہی ہے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ مئی 2012 پنجاب کی تقسیم کے حوالے سے اہم سال تھا۔ اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد منظور کی گئی۔ بعد ازاں پنجاب اسمبلی سے مزید دو قراردادیں بھی منظور ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ 2012 کی اسمبلی اپنی مدت مکمل کر چکی ہے تو اس کی قراردادوں کی کیا حیثیت باقی رہ جاتی ہے؟ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک صوبے کی تقسیم کی بات کی جائے اور دوسرے صوبے میں ایسی بات کرنا ممنوع قرار دے دیا جائے۔











