پیپلز پارٹی کی سوچ قابل مذمت، بلاول کے کراچی میں خون بہنے کے بیان کو فکس کرنا چاہئے، حافظ نعیم

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نئے صوبوں کے قیام پر خون بہنے کی بات کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کی اس سوچ کی مذمت کرتی ہے اور انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کی حامی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1972 میں بھی لسانی بل لا کر فسادات کرائے تھے۔ خون خرابے کی طرف لے جانے والے طرز عمل کا نوٹس لیا جانا چاہیے اور پیپلز پارٹی سے پوچھا جانا چاہیے کہ اس نے دھمکی کیسے دی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی اور میرپورخاص کا نام لے کر سندھ کے شہری علاقوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی لسانی اختلافات اور فسادات کا خوف پیدا کرکے سیاسی فائدہ اٹھاتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو حکومتی نظام پر اعتراض ہے تو اسے صدر سمیت تمام حکومتی عہدوں سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی فریم ورک سامنے لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ایک پرامن صوبہ تھا جہاں لوگ بھائیوں کی طرح رہتے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے لسانی فسادات کی بنیاد رکھی۔ جب بھی اس کی کرپشن اور لوٹ مار پر سوال اٹھتے ہیں تو لوگوں کو لڑوانے کی باتیں کی جاتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 2024 کے انتخابات کے نتائج سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہے جبکہ کراچی کے میئر کے انتخاب میں بھی ہیرا پھیری کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں