کراچی:صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) اور مصطفیٰ کمال کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں۔ خواجہ آصف کو مشورہ ہے کہ وہ بلاول بھٹو کی بات مان لیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے نئے صوبوں اور نظام کی تبدیلی سمیت مختلف معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کیا تو ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جانے لگا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں لسانی فسادات کے دوران ہزاروں افراد مارے گئے۔ کئی سال بعد صوبے میں امن قائم ہوا ہے لیکن ایم کیو ایم اپنی مہم کے ذریعے لسانی نفرتیں اور تفریق بڑھا رہی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو ہمیشہ کہتے ہیں کہ کراچی سب کا ہے۔ ایم کیو ایم آئین کے آرٹیکل 239 میں ترمیم کی کوشش کرچکی ہے لیکن اسمبلی میں ترمیم منظور نہ ہونے پر اب ریفرنڈم کی بات کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ احسن اقبال چار یا چالیس صوبوں کی بات کریں تو اس سے صوبے نہیں بن جاتے۔ سندھ میں مسلم لیگ (ن) اور مصطفیٰ کمال کی جماعت کی کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن جلسے اور ریلیاں نکالنے کی اجازت ہے تاہم 29 نومبر کو مجوزہ ریلیوں کے لیے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ اگر کسی سرگرمی سے امن و امان خراب ہونے کا خدشہ ہوا تو حکومت اسے روک سکتی ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم بدمعاشی سے ریلی نکالنے کی بات کر رہی ہے جو فسادات کا خدشہ پیدا کرسکتی ہے۔ خواجہ آصف کو چاہیے کہ بلاول بھٹو کا مؤقف تسلیم کریں۔











