پولینڈ کی تھرڈ ڈویژن فٹبال لیگ کے میچ میں ایک تماشائی الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل ہوکر چکر لگانے لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اسٹالووا وولا اور لیگیا وارسا کی ریزرو ٹیموں کے درمیان مقابلے میں یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میزبان ٹیم 2 کے مقابلے میں 3 گول سے برتری حاصل کیے ہوئے تھی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں ایک تماشائی اچانک الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل ہوا اور گھاس پر تیزی سے چکر لگانے لگا۔ حیران کن طور پر کھلاڑیوں نے ابتدا میں کھیل جاری رکھا تاہم بعد میں ریفری اور کھلاڑیوں کی توجہ اس جانب مبذول ہوگئی۔
سیکیورٹی اہلکار اسکوٹر سوار کو روکنے کے لیے میدان میں پہنچے لیکن وہ انہیں چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین اس غیر معمولی حرکت پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔











