اسلام آباد:حکومتی وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ اٹھایا۔
حکومتی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی جبکہ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق, رانا ثنا اللہ, وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے شیری رحمان اور نوید قمر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ ذاتی طور پر دیکھیں۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت میں توسیع کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی جس کی موجودہ مدت 11 دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔











