مولانا تصادم چاہتے ہیں، انہیں پاکستان اور طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا تارڑ

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی بڑی بات نہیں اور معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی جماعت کے لوگ بھی انہیں سمجھا رہے ہیں تاہم وہ تصادم چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔ ان کے بقول مولانا ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں اور انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پرویز مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے آج جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری سے متعلق عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انہیں ریفرنڈم سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے اور عوامی رائے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اگر بلاول بھٹو بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلائل دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے اختلافات کے باوجود تعلقات ختم نہیں ہوئے اور صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں آیا تو تحریک انصاف سے بھی رائے لی جاسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں