زیارات آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (زوپ) کا قیام، نئی باڈی تشکیل: خرم عباس نقوی صدر،سرفراز چیمہ جنرل سیکرٹری منتخب۔

اسلام آباد (رانا حسن/نمائندہ خصوصی) زیارات آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ZOAP) کے اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر زون کی پہلی تنظیمی میٹنگ اور حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں زون کی نئی تنظیمی باڈی تشکیل دے دی گئی۔ تقریب میں تنظیم کے مرکزی رہنماؤں شاہ جہاں خلیل اور سبطین رضوی کی موجودگی میں نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر زیارت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے، زائرین کو درپیش مسائل کے حل اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تشکیل دی گئی زونل باڈی میں سید خرم آباد عباس نقوی کو چیئرمین، شاکر علی کو وائس چیئرمین، سرفراز چیمہ کو جنرل سیکرٹری، محمد عبداللہ وہاب کو جوائنٹ سیکرٹری، سید مقصود شاہ کو فنانس سیکرٹری اور فیصل صابر کو انفارمیشن سیکرٹری مقرر کیا گیا، جبکہ ایگزیکٹو ممبران میں شہباز انور، طاہر حسین شاہ، ہدایت اللہ، عماد یوسف اور ساجد اقبال شامل ہیں۔

واضح رہے کہ زیارات آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کو وزارتِ تجارت، حکومتِ پاکستان کی جانب سے 10 نومبر 2026ء کو تجارتی تنظیم کے طور پر لائسنس نمبر 396 جاری کیا گیا، جس کی مدت پانچ سال ہے۔ لائسنس کے مطابق ایسوسی ایشن کو ملک بھر میں زائرین گروپ آرگنائزرز کے شعبے کی نمائندگی کے لیے تسلیم کیا گیا ہے۔

زیارات آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر زون کی تشکیل زیارت کے شعبے میں ایک منظم اور مضبوط تنظیمی پلیٹ فارم کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان سے ہر سال بڑی تعداد میں زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے سفر کرتے ہیں، ایسے میں اس شعبے سے وابستہ افراد کو متحد کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ آواز فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ خصوصاً ایک وسیع جغرافیائی زون میں مختلف علاقوں کے آرگنائزرز کو یکجا کرنا باہمی رابطوں، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں