میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، کارکنوں کو جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

لاہور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں جبکہ پارٹی کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورا لاہور ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے اور راستے بند کرکے ناکے لگائے گئے ہیں۔ ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی رکاوٹوں کے باعث وہ لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے براہ راست خطاب نہیں کرسکے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا جبکہ صبر کو تاریخ میں ہمیشہ دوام ملا ہے۔ ہم ملک میں امن کے داعی ہیں اور قیام امن کے لیے قربانیاں دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کی وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں اور وہ کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جماعت کا ہر کارکن استقامت کا مظاہرہ کررہا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔ ہم نے وطن سے محبت اور وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں