ایران میں معروف گلوکارہ اور 4 ساتھیوں کو 74، 74 کوڑوں کی سزا

تہران: ایران میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے معروف گلوکارہ پراستو احمدی اور ان کے 4 ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 29 سالہ گلوکارہ اور چار مرد ساتھیوں کو شہر قم میں پیر کے روز سزا دی گئی۔ گلوکارہ کے وکیل نے بھی سزا پر عمل درآمد کی تصدیق کردی ہے۔

مقدمہ دسمبر 2024 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب پراستو احمدی نے یوٹیوب پر بغیر حجاب اور نامناسب لباس میں آن لائن کنسرٹ نشر کیا تھا جس میں مرد موسیقار بھی شریک تھے۔

رواں سال جون میں قم کی فوجداری عدالت نے عوامی اخلاق کے خلاف مواد تیار اور نشر کرنے کے الزام میں انہیں سزا سنائی تھی جبکہ ستمبر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

کوڑوں کے علاوہ گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں پر 2 سال کے لیے موسیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں اور فنکاروں نے سزا کو غیر انسانی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں