اداکارہ اور ماڈل انمول بلوچ نے پاکستانی ڈراموں میں جبری شادیوں اور زبردستی نکاح دکھانے کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ایسی کہانیوں سے اتفاق نہیں کرتیں تاہم یہ عنصر اکثر ڈراموں میں شامل ہوجاتا ہے۔
انمول بلوچ کو شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے تقریباً ایک دہائی ہوچکی ہے۔ وہ حالیہ عرصے میں ’اقتدار‘، ’شدت‘ اور ’نشتر‘ جیسے ڈراموں میں کردار ادا کرکے توجہ حاصل کررہی ہیں۔
ملیحہ رحمان کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں اکثر ہیرو کو ہیروئن سے زبردستی شادی کرتے دکھایا جاتا ہے جبکہ بعض کہانیوں میں دونوں مرکزی کرداروں کو بھی ان کی مرضی کے خلاف نکاح میں باندھ دیا جاتا ہے۔
انمول بلوچ کے مطابق اس رجحان کی ایک وجہ غیر شادی شدہ جوڑوں کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے سے گریز بھی ہوسکتی ہے جس کے باعث کہانی میں نکاح یا شادی کو محبت کی بنیاد بنا دیا جاتا ہے۔ بعض ڈراموں میں ہیرو عین اس وقت ہیروئن سے نکاح کرلیتا ہے جب اس کی شادی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی ہوتی ہے اور پھر اسے اپنے اصل ہم سفر کا احساس دلایا جاتا ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ انہیں جبری شادیوں پر مبنی کہانیاں پسند نہیں اور وہ اس انداز سے اتفاق نہیں کرتیں تاہم یہ موضوع اکثر ڈراموں کی کہانی کا حصہ بن جاتا ہے۔











