لبلبے کے کینسر کے خلاف نئی دوا کے حوصلہ افزا نتائج

لبلبے کے ایڈوانس کینسر کے علاج کے لیے نئی دوا ’ڈاراکسونراسب‘ نے کیموتھراپی کے ساتھ استعمال ہونے پر کلینیکل ٹرائل میں حوصلہ افزا نتائج دکھائے ہیں جہاں ہر 12 میں سے ایک مریض کی کینسر کی رسولی مکمل طور پر ختم ہوگئی۔

بارسلونا میں پیش کی گئی تحقیق کے مطابق نئی دوا اور کیموتھراپی کے امتزاج سے علاج کے ایک سال بعد مریضوں کی زندہ رہنے کی شرح معیاری علاج کے مقابلے میں بہتر رہی جبکہ 60.7 فیصد مریضوں میں رسولیاں سکڑ گئیں یا مکمل ختم ہوگئیں۔

تحقیق میں شامل 61 مریضوں میں سے 8.2 فیصد کی رسولیاں اسکین میں ناقابل شناخت ہوگئیں جبکہ 90.2 فیصد مریضوں میں کینسر کی رسولیوں کی افزائش رک گئی۔ مریضوں کی تقریباً 18 ماہ تک نگرانی کی گئی۔

ڈاراکسونراسب ایک مخصوص جینیاتی تبدیلی KRAS کو نشانہ بنانے والی دوا ہے جو لبلبے کے 90 فیصد سے زیادہ کینسر کے کیسز میں پائی جاتی ہے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق علاج کے ایک سال بعد 76.6 فیصد مریض زندہ تھے جبکہ روایتی کیموتھراپی میں یہ شرح عموماً 40 سے 45 فیصد رہتی ہے۔

ماہرین نے ان نتائج کو لبلبے کے کینسر کے علاج میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ اسے فی الحال کینسر کا حتمی علاج نہیں کہا جاسکتا اور عام مریضوں کے لیے دستیاب ہونے سے قبل مزید طبی آزمائشوں کی ضرورت ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں