لندن: نئی طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ الیکٹرانک سگریٹ (ویپنگ) کا طویل استعمال پھیپھڑوں کی کارکردگی متاثر کرنے کے ساتھ دائمی بیماری سی او پی ڈی کا خطرہ بھی بڑھا سکتا ہے۔
فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی کے محققین کے مطابق ویپنگ پھیپھڑوں کی آکسیجن جذب کرنے اور اسے جسم میں مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کرونک اوبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز (سی او پی ڈی) پھیپھڑوں کی ایک دائمی بیماری ہے جس کے باعث مریض کو سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے اور جسم میں آکسیجن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
تحقیق کے مصنف ڈاکٹر وسیم مزیاق نے طبی جریدے ٹوبیکو کنٹرول میں کہا ہے کہ ویپنگ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث اس کے طویل مدتی طبی اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق ویپنگ کو روایتی سگریٹ کے مقابلے میں کم نقصان دہ سمجھا جاتا ہے تاہم اسے مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا۔











