ایم ایل تھری ریلوے ٹریک کی بحالی ایک بار پھر موخر

اسلام آباد: حکومت نے ریکوڈک سے معدنیات کی ترسیل کیلئے پاکستان ریلوے کے ایم ایل تھری ٹریک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا ایک ارب ڈالر کا منصوبہ ایک بار پھر مؤخر کردیا ہے۔

منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجوہات مالی وسائل کی عدم دستیابی اور معدنیات کی برآمد کیلئے کراچی کے بجائے گوادر بندرگاہ استعمال کرنے کی تجویز ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران تیسری مرتبہ منصوبے کی منظوری مؤخر کی ہے۔ نوکنڈی سے روہڑی تک 996 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی بحالی پر تقریباً 278 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔

حکام کے مطابق ایم ایل تھری ٹریک اپنی مقررہ مدت پوری کرچکا ہے اور اس پر ٹرینیں اوسطاً 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق بیرک گولڈ سے برج فنانسنگ کی تفصیلات اور مزید معلومات طلب کیے جانے کے باعث منصوبے کی منظوری مؤخر ہوئی ہے۔ حکومت ریکوڈک مائننگ کمپنی سے 390 ملین ڈالر قرض لینے کی منظوری دے چکی ہے جس پر سالانہ تقریباً 6 فیصد سود ادا کیا جائے گا۔

ابتدائی منصوبے کے تحت معدنیات کراچی بندرگاہ تک پہنچائی جانی تھیں تاہم اب نوکنڈی، پنجگور اور گوادر روڈ کوریڈور کے ذریعے ترسیل کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں